مشہور میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے ڈیسک ٹاپ ورژن میں آڈیو اور ویڈیو کالنگ فیچر کی آزمائش شروع کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فیس بک کی ملکیت وٹس ایپ نے اپنے ڈیسک ٹاپ پر استعمال ہونے والے وٹس ایپ کا ایک آزمائشی ورژن متعارف کرایا ہے جس میں آڈیو اور ویڈیو کالنگ کی آزمایشی سہولت موجود ہے۔
صارفین بڑی اسکرینوں پر آڈیو اور ویڈیو کالز کی سہولت استعمال کر سکیں گے۔
نئے فیچر سے وٹس ایپ کو زوم اور گوگل میٹ جیسی ایپس کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی، جو ڈیسک ٹاپ پر آڈیو اور ویڈیو کالنگ کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا تھا جس کے ذریعے صارفین اب آن لائن چیزیں منگوا سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے نئے فیچر سے کاروباری افراد اور عام صارفین کو فائدہ ہو گا۔ صارفین کیٹلاگ دیکھنے کے بعد وہاں موجود اپنی پسندیدہ اشیا آرڈر کرسکیں گے۔
واٹس ایپ نے صارفین کی آسانی کے لیے ویڈیو بھی جاری کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کوئی بھی خواہش مند صارف اگر کوئی چیز آن لائن منگوانا چاہتا ہے تو اُسے کیٹلاگ سے اسے منتخب کرنا ہوگا۔