پاکستان نے بھی برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد برطانیہ سے آنے والی پروازوں کے مسافروں پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا فیصلہ آج ہونے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کیا گیا، یہ فیصلہ برطانیہ میں کورونا کی نئی قسم کے تیزی سے پھیلنے پرکیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق برطانیہ سےآنے والوں کے لیے سفری پابندیوں کا اطلاق 22 دسمبر کی رات سے 29 دسمبر تک ہوگا اور وہ مسافر جو گذشتہ 10 روز کے دوران برطانیہ میں رہ چکے ہیں ان پر بھی پابندی کا اطلاق ہوگا۔
ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق برطانیہ سے پاکستان واپس آنے والوں لیے فلائٹ سے 72 گھنٹے پہلے پی سی آر نیگیٹو ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے اور انہیں پاکستان میں گھر کے اندر ایک ہفتے کا قرنطینہ بھی لازمی کرنا ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق ایک ہفتے کےد وران برطانیہ سے آئے تمام افراد کا کورونا ٹیسٹ کرایاجائےگا، سول ایوی ایشن کو پابندی کے فیصلے پر عمل درآمد کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں۔
خیال رہےکہ برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے اور یہ قسم تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس کے باعث برطانیہ میں کورونا کے نئے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
وائرس کی نئی قسم کے بعد بیشتر یورپی ممالک نے برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کرتے ہوئے تمام پروازیں روک دی ہیں اور ان کے علاوہ دیگر ممالک بھی ایسے اقدام پر غور کررہے ہیں۔