پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے وزیراعظم کی تقریرپر رد عمل میں کہا ہے کہ آج سلیکٹڈ عمران نیازی نے این آر او، این آر او کھیلنےکی کوشش کی اور صرف 12 لاکھ کا معمولی جرمانہ دے کر گھر ریگولرائز کروالیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھاکہ یہ حکومت نہایت بے شرمی کے ساتھ جھوٹ بولتی ہے، حکومت کے بغل میں خود این آر او ہے اور زبان پر این آر او نہیں دوں گا، پہلے آپ بنی گالہ رہائش کا حساب دیں۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے صرف 12 لاکھ کا معمولی جرمانہ دے کر گھر ریگولرائز کروالیا، یہ حق صرف سلطنت فراڈیہ، سلطنت مکریہ، سلطنت الزامیہ کے لیڈر عمران نیازی کو حاصل ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ آپ تو خود این آرا و یافتہ ہیں، اپناگھربچایا، سیاست بچائی اور صادق و امین کا سرٹیفکیٹ لیا، این آر او سے سلیکٹڈ حکمران بنے۔
ان کا کہنا تھاکہ اب وقت آگیا ہےکہ محاسبہ کیا جائے، پتہ چلےگا بندوبست کا دھرنا کیا ہوتا ہے اور عوام کا دھرنا کیا ہوتا ہے، آپ کی کابینہ لوٹوں سے بھری ہوئی ہے، کام اور ڈراموں میں فرق ہوتا ہے، گھر بھیج کر دم لیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے وزیراعظم عمران خان کے بنی گالہ کے گھر کا نقشہ منظور کرلیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے نے وزیراعظم کا بنی گالہ کا گھر 106روپے مربع فٹ کے حساب سے ریگولر کیا، نقشہ منظور کرانےکیلئے عمران خان نے 12 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کیا، یہ جرمانہ بغیر اجازت تعمیرات پر کیا گیا تھا۔