1185 اراکین نے انتخابی عمل میں اپنا حق رائے دہی کا استعمال کیا۔فائل فوٹو
1185 اراکین نے انتخابی عمل میں اپنا حق رائے دہی کا استعمال کیا۔فائل فوٹو

کراچی پریس کلب کے انتخابات۔’دی ڈیمو کریٹس پینل‘ نے کلین سوئپ کرلیا

کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں ’دی ڈیمو کریٹس پینل‘ نے کلین سوئپ کرلیا اور12 نشستوں پر بھرپورکامیابی حاصل کرلی۔

سالانہ انتخابات کیلیے پولنگ 26 دسمبر بروز ہفتہ صبح 9 بجے سے شام6 بجے تک بغیرکسی وقفے کے کراچی پریس کلب میں جاری رہی، دی ڈیموکریٹس اور یونائیٹڈ پینل نے انتخابات میں حصہ لیا ہے۔

کراچی پریس کلب کے 1185 اراکین نے انتخابی عمل میں اپنا حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ انتخابات میں کمپیوٹرائزڈ طر یقے سے الیکٹرونک سسٹم کے ذریعے رائے شماری کرائی گئی۔

کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے سال2021 کے چیئرمین الیکشن کمیٹی ڈاکٹرپروفیسر توصیف احمد خان کی جاری کردہ نتائج کے مطابق ’دی ڈیمو کریٹس پینل‘ کے صدر کے امیدوار فاضل جمیلی 607 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل یونائیٹڈ پینل کے حبیب خان غوری نے 560 ووٹ حاصل کیے۔

دی ڈیمو کریٹس کی جانب سے نائب صدر کی امیدوار شازیہ حسن نے 754ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں جبکہ یونائیٹڈ پینل کے سعید جان بلوچ نے 393 ووٹ حاصل کیے۔

خزانچی کے عہدے پردی ڈیمو کریٹس کے عبدالوحید راجپر نے 844 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی اور یونائیٹڈ پینل کے عطا اللہ ابڑو 282 ووٹ حا صل کر سکے۔

سیکریٹری کی نشست کیلیے دی ڈیموکریٹس کے محمدرضوان بھٹی 843 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ یونائیٹڈ پینل کے محمد قاسم نے 308 ووٹ حا صل کیے۔

جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے پر دی ڈیموکریٹس کے محمد ثاقب صغیر 822 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ یونائیٹڈ پینل کے محمد شفیق (عمران جونیئر) 320 ووٹ حاصل کرسکے۔

دی ڈیمو کریٹس پینل نے گورننگ باڈی کی تمام 7 نشستوں پر اپنے مدمقابل یونائیٹڈ پینل کو کلین سوئپ کیا ہے۔

چیف الیکشن کمیٹی کے حتمی نتائج کے مطابق دی ڈیمو کریٹس پینل کے عبدالعزیز سنگھور نے 828 ووٹ، حامد الرحمن اعوان 760 ووٹ، محمد فاروق سمیع 747ووٹ، محمد نبیل 747ووٹ، عبدالوسیع قریشی 746ووٹ، سلمان سعادت 718 ووٹ اورعبدالرشید میمن 717ووٹ لے کرگورننگ باڈی کی نشستوں پرکامیاب قرار پائے ہیں۔

کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات کیلیے حسب روایت ووٹ ڈالنے کیلئے کلب کا کارڈ دکھانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کراچی پریس کلب کے 1958 میں اپنے قیام سے آج تک ہر سال باقاعدگی سے انتخابات منعقد ہو تے رہے ہیں۔