ن لیگ کی جانب سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو
ن لیگ کی جانب سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو

شہباز شریف پر100 پیسے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو گرفتار ہوئے 100 دن ہوگئے لیکن ان پر 100 پیسے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی، عمران خان نے انہیں اس لیے گرفتار کرا رکھا ہے تاکہ وہ اپنے لیے اپوزیشن سے این آر او حاصل کرسکیں۔

مریم اورنگزیب نے ن لیگ کے صدر شہبازشریف کے جیل میں 100 دن مکمل ہونے پر دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ آج قائدِ حزبِ اختلاف کو جیل میں قید ہوئے 100 دن ہو گئے ہیں، لیکن ان پر 100 پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔ عمران خان نے پی ڈی ایم سے این آر او لینے کے لئے شہباز شریف اور خواجہ آصف کو گرفتار کیا ہے، ’عمران صاحب‘ نے شہباز شریف کو صرف اِس لیے  گرفتار کیا ہوا ہے کیونکہ وہ خود نالائق ، نااہل ، چور اور جھوٹے ہیں، ’عمران صاحب‘ کو معلوم ہے کہ شہباز شریف کی ملک چلانے اور عوام کو ریلیف دینے کی پوری تیاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ جھوٹے الزامات پر شہباز شریف کو ناحق گرفتار تو کر سکتا ہے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن کے ثبوت پیش نہیں کر سکتا، جو کاغذ شہباز شریف کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے اور میڈیا ٹرائل کے لئے لہرائے جاتے تھے، وہ عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے، 100 دن شہباز شریف کو گرفتار کر کے عوام کا آٹا، چینی، بجلی اور گیس چوری کی گئی۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ’عمران صاحب‘ نے اپنی نالائقی ، نااہلی ، جھوٹ اور کرپشن چھپانے کے لئے قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کو ناحق گرفتار کیا ہوا ہے، عمران صاحب چاہتے ہیں کہ انہیں مہنگائی 3 سے 14 فیصد کرنے، 50 لاکھ گھر نہ دینے، مہنگی ایل این جی کی درآمد، 200 ارب روپے کی چینی چوری، 225 ارب روپے کی آٹا ڈکیتی، زمان پارک میں کروڑوں روپے کی تعمیرات کرنے، فارن فنڈنگ کیس اور 126 ارب کے پشاور بی آر ٹی کے کھڈوں پر این آر او دے دیا جائے۔