ملزمان کے قبضے سے پولیس یونیفارم، لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔فائل فوٹو
ملزمان کے قبضے سے پولیس یونیفارم، لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔فائل فوٹو

پولیس وردی میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے جنون نے میاں بیوی کو حوالات پہنچا دیا

راولپنڈی میں پولیس یونیفارم میں اپنی ویڈیوزاور تصاویر بناکرٹک ٹاک پرشیئرکرنا میاں بیوی کو مہنگا پڑگیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق خود کو پولیس اہلکار ظاہرکرکے پولیس یونیفارم میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے والے میاں بیوی کو راولپنڈی پولیس نے گرفتارکرلیا، گرفتارملزمان کا نام انیزہ گوہراورمحمد بلال ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان پولیس یونیفارم میں اپنی ویڈیوزاورتصاویر بناتے اورٹک ٹاک پرشیئر کرتے تھے، انیزہ گوہر خود کو اڈیالہ جیل کی اہلکارظاہرکرتی تھی، ملزمان کے قبضے سے پولیس یونیفارم، لیپ ٹاپ اور موبائل فون برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایس پی راولپنڈی رائے مظہر اقبال کا کہنا ہے کہ ملزمان کو  ڈی ایس پی سٹی کی زیرنگرانی ایس ایچ او سٹی اوران کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تاج کمپنی کے قریب سے گرفتارکیا، ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔