اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے قومی احتساب بیورو (نیب) اور محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کو زبردست ریکوری کرنے پر شاباش دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ریاستی ادارے سیاسی دباؤ کے بغیر آزادانہ کام کریں تو قوم کا فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب نے گزشتہ دو سال میں 3 سو 79ارب روپے ریکور کیے جبکہ 2008 سے 2018 تک صرف 104 ارب روپے کی ریکوری کی گئی تھی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب میں اینٹی کرپشن نے 27 ماہ کے دوران 206 ارب روپے کی وصولی کی ہے۔ بدعنوان حکمرانوں کے 10 سالہ دور میں اینٹی کرپشن نے صرف 3 ارب روپے ریکور کیے تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احتساب تب ہوتا ہے جب ادارے آزادانہ کام کریں۔ موازنے سے واضح ہے کہ اب احتساب کے ادارے خودمختار اور آزاد ہیں۔ اینٹی کرپشن مکمل آزادی سے زبردست کام کر رہا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم آفس کی جانب سے 2020 کی کارکردگی کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
وزیر اعظم آفس سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پہلی مرتبہ صحت کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا اور کورونا وبا کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر بنایا گیا۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق ایک کھرب 20 ارب روپے کا کورونا ریلیف پیکج دیا گیا اور کورونا سے بچاؤ کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی لائی گئی، جبکہ تعمیراتی شعبے کو ریلیف دیا گیا اور ڈبلیو ایچ او نے حکومت کی تعریف کی۔
رپورٹ کے مطابق احساس کفالت، احساس آمدن، احساس اسکالرشپ پروگرام شروع کیے گئے اور احساس نشوونما پروگرام اور 15 لاکھ خاندانوں میں 180 ارب روپے تقسیم کیے گئے جبکہ پاکستان نے صحت سہولت کارڈ کا اجرا اور میڈیکل آلات بنانا شروع کیے۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق اسلام آباد آئیسولیشن اسپتال کا قیام اور لیڈی ریڈنگ کے بلاک کا افتتاح کیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈی ایچ کیو حافظ آباد اور چکوال کا سنگ بنیاد، پشاور کارڈیولوجی اسپتال کا افتتاح بھی کیا گیا۔ یکساں نصاب تعلیم، حافظ آباد اور چکوال یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق ہری پور میں پاک آسٹریا انسٹیٹیوٹ، نمل کالج سٹی فیز 1 کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ سال 2020 کے منصوبوں میں سیالکوٹ میں انجینئرنگ یونیورسٹی بھی شامل رہی۔ گذشتہ سال ماحولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کیے گئے اور کنڈیاں میں 25 کروڑ کے ہدف سے درخت لگائے گئے۔
گرین پیکج کے ذریعے ملازمتیں فراہم کی گئیں اور بلین ٹری شہد کا منصوبہ شروع کیا گیا۔ کلین گرین انڈیکس ایوارڈز اور ٹڈی دل سے بچاؤ کے کامیاب اقدامات کیے گئے۔
وزیر اعظم کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق 100 ارب روپے کے 20 ہزار گھروں کا نیا پاکستان ہاؤسنگ کے تحت افتتاح کیا گیا جبکہ 2020 میں ترقیاتی منصوبوں اور معیشت کو بھی بہتر کیا گیا۔
سال 2020 میں خارجہ پالیسی پر وزیر اعظم نے بھرپور توجہ دی اور حکومت نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کیے۔ گزشتہ سال علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کا سنگ بنیاد رکھا گیا اس کے علاوہ بی آر ٹی کا افتتاح اور کراچی ٹرانسفارمیشن پلان لایا گیا۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق راوی اربن پراجیکٹ، دیا میر بھاشا ڈیم پر شروع کیا گیا اور آزاد پتن کوہالہ ہائیڈرو پراجیکٹس مہمند شیخ زید روڈ کا افتتاح کیا گیا۔ سی پیک کے تحت اسپیشل اکنامک زونز شروع کیے گئے جبکہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ، بلوچستان سندھ ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ پراجیکٹ شروع کیا گیا اور چکوال ناردرن بائی پاس کا منصوبہ 2020 میں شامل رہا۔