وفاقی کابینہ نے مچھ اوراسامہ ستی کے معاملے پراظہارافسوس کیا۔فائل فوٹو
وفاقی کابینہ نے مچھ اوراسامہ ستی کے معاملے پراظہارافسوس کیا۔فائل فوٹو

حکومت کا پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج کی اجازت دینے کافیصلہ

حکومت نے پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے باہراحتجاج کی اجازت دینے کافیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اسامہ ستی قتل کے حوالے سے کہاکہ ایسے بے رحم لوگ پولیس میں نہیں ہونے چاہئیں،مچھ متاثرین کو انصاف دلانے کیلیے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کااجلاس ہوا،شیخ رشیدنے سانحہ مچھ اورمذاکرات پر بریفنگ دی، بابراعوان نے پولیس فائرنگ سے جاں بحق نوجوان کامعاملہ اٹھایا،بابراعوان نے اسامہ کے والدین کاموقف کابینہ میں پیش کیا، وفاقی کابینہ نے مچھ اوراسامہ ستی کے معاملے پراظہارافسوس کیا۔

شیخ رشید نے کہاکہ مظاہرین کے 8 میں سے 7 مطالبات تسلیم کررہے ہیں،بلوچستان اسمبلی کے استعفوں کا ہم سے تعلق نہیں،وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ سانحہ مچھ کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،سانحہ مچھ میں ملوث مجرمان کوکیفرکردار تک پہنچائیں گے ،ظالم جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

کابینہ اجلاس میں مہنگائی پر بھی گفتگو ہوئی،عبدالحفیظ شیخ نے مہنگائی سے متعلق بریفنگ دی،وزیر خزانہ نے کہاکہ مہنگائی میں کمی کیلیے اقدامات کررہے ہیں،وزیراعظم نے کہاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیاجائے،مہنگائی میں کمی کیلیے اقدامات کررہے ہیں ،چاہتے ہیں معیشت میں بہتری کابراہ راست فائدہ عوام کو ہو۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے پی ڈی ایم کو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کی اجازت دینے کافیصلہ کیاہے،وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ مظاہرین کیلیے رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں ۔

کابینہ اجلاس میں کوروناویکسین کی خریداری کیلیے پیپرارولزسے استثنیٰ ،پریس کونسل آف پاکستان کے ممبران کی تقرری کی منظوری دی گئی،وفاقی کابینہ نے 1997 میں اسٹیبلشمنٹ سے متعلق کابینہ کے فیصلے پرنظرثانی کامعاملہ موخرکردیا،فش پروسیسنگ پلانٹس رجسٹریشن سے متعلق انسپکشن کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دیدی گئی جبکہ ریلوے اوروزارت دفاع کے درمیان کثیرالمنزلہ عمارت کی تعمیرکامعاملہ موخرکردیا۔

اجلاس میں کابینہ ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق موخرکردی گئی،ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 31 دسمبرکے فیصلوں کی توثیق کردی گئی ،اجلاس میں پاکستان ایکسپوسینٹرز کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزکی منظوری دیدی گئی۔