پیپلز پارٹی کے امیدواروں پر مکمل یقین ہے، وہ ہمارے ساتھ کھڑے رہیں گے۔فائل فوٹو
پیپلز پارٹی کے امیدواروں پر مکمل یقین ہے، وہ ہمارے ساتھ کھڑے رہیں گے۔فائل فوٹو

ایم کیو ایم کیوں وفاق کیساتھ کھڑی ہے؟۔بلاول بھٹو کا سوال

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بات میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ وہ کیوں وفاق کیساتھ کھڑی ہے؟ وہ اپنی مجبوریوں کے بجائے عوام کا سوچیں۔ متحدہ خود بھی کراچی سے منتخب نہیں بلکہ ‘’سلیکٹ’’ ہوتی رہی۔ ہم پر تنقید کرنے والے بتائیں کہ انہوں نے شہر قائد کے لیے کیا کیا؟

بلاول بھٹو نے ابراہیم حیدری روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ایم کیو ایم کے ووٹوں کی وجہ سے قائم ہے۔ مردم شماری پر پیپلز پارٹی نے پہلے دن سے اعتراض کیا۔ مردم شماری میں عوام کی نمائندگی صحیح نہیں کی گئی تو مزید کم شیئر ملے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ایم کیو ایم والے میرے پیدا ہونے سے پہلے یہاں سے منتخب نہیں ‘’سلیکٹ’’ ہوتے رہے۔ ایم کیو ایم سے پوچھیں وہ بھی وفاق کا حصہ ہے، اس نے ڈسٹرکٹ کورنگی کے لیے کیا کیا؟ کیا ڈسٹرکٹ کورنگی میں ایم کیو ایم نے ایک اینٹ بھی لگائی؟ صاف پانی، انفراسٹرکچر کا وعدہ پورا کیا؟

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شیئر سے زیادہ نہیں، اپنا حق مانگ رہے ہیں، اگر ہمیں پورا شیئر مل جائے تو کراچی کی قسمت بدل دیں گے۔ بلاول بھٹو نے حکومت کو ایک بار پھر ‘’کٹھ پتلی’’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ تو جا رہے ہیں، ان کی حکومت ختم ہونے والی ہے۔