وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے یقین دہانی کرائی ہےکہ وزیراعظم عمران خان سانحہ مچھ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملنےکوئٹہ ضرور جائيں گے۔
اسلام آباد میں میڈيا سے گفتگو میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مچھ میں جو بھی ہوا غلط ہوا اس پر سیاسی بات نہیں کرنی چاہیے، سانحہ مچھ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔
شبلی فرازکا کہنا ہے کہ بعض لوگ سیاست کرتے ہیں اور پیچیدگی پیدا کردیتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ شہدا کی تدفین بخیرو خوبی ہوجائے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم کے کوئٹہ جانے سے متعلق کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے سانحہ مچھ پر بریفنگ دی، اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ سانحہ مچھ کے متاثرین کی حکومتی قواعد کے مطابق مالی امداد کی جائے گی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بلوچستان کے علاقے مچھ میں مسلح افراد نےکوئلے کی کان میں کام کرنے والے 11 افراد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، قتل ہونے والے تمام افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا جن کے لواحقین نے وزیراعظم کے پہنچنے تک لاشوں کی تدفین نہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔