ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا، پولیس چیف
ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا، پولیس چیف

زین آفندی کے قتل کا مقدمہ ان کی بیوہ کی مدعیت میں درج

کراچی میں سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے زین آفندی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقتول کی بیوہ کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں ڈکیتی کے دوران قتل کی دفعہ عائد کی گئی ہے، پولیس چیف نےکہا ہےکہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
خیال رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب مزار قائد کے قریب بنگلے کے اندر فائرنگ سے زین حسن آفندی جاں بحق ہوگئے تھے ، وہ سندھ مدرسۃ الاسلام کے بانی حسن علی آفندی کے پوتے تھے ۔
پولیس نے ان کی بیوہ انیقہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا ہے، ایف آئی آر کے متن کے مطابق بیوہ نے بیان دیا کہ وہ اور ان کے شوہر گھر کی بالائی منزل پر بنے کمرے میں سورہے تھے کہ صبح تقریباً 4 بج کر بیس منٹ پر ان کے کمرے کا دروازہ توڑ کر چار مسلح افراد داخل ہوئے اور انھوں نے مجھ سے زیور چھیننے کی کوشش کی۔
انھوں نے فوراً ہی اپنا زیور انھیں دے دیا جب کہ اس کے ساتھ ساتھ ملزمان نے ٹیبل پر رکھے ان کے شوہر کے دو موبائل فون اور پرس بھی اٹھایا ، پرس میں ان کے کچھ ضروری کاغذات تھے جس پر ان کے شوہر نے مزاحمت کی ، اسی دوران ایک ملزم نے ان پر فائر کیا جوکہ نہیں لگا لیکن اسی دوران دوسرے ملزم نے فائرنگ کی جس سے ایک گولی ان کے چہرے پر لگی جس کے بعد اس نے مزید تین سے چار فائر کیے ۔
بیان کے مطابق ملزمان فائرنگ کے بعد کمرے سے نکل گئے ، ان کے شوہر موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے ، وہ جب گھر کے گرائونڈ فلور پر گئیں تو دیکھا کہ ملزمان نے گھر کے چوکیدار اور ملازمین کو رسیوں سے باندھا ہوا تھا۔