مشتعل افراد نے متعدد موٹرسائیکلوں کو آگ لگادی ۔فائل فوٹو
مشتعل افراد نے متعدد موٹرسائیکلوں کو آگ لگادی ۔فائل فوٹو

سانحہ مچھ کیخلاف کراچی میں احتجاج،جھڑپیں، متعدد موٹرسائیکلیں نذرآتش

سانحہ مچھ کیخلاف کراچی میں دھرنوں کا سلسلہ جاری ہے،ڈرگ رو ڈ پرناتھا خان پل کے قریب مشتعل افراد اورمظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، مشتعل افراد نے متعدد موٹرسائیکلوں کو آگ لگادی اور پتھرائو کا سلسلہ جاری ہے۔

سانحۂ مچھ کے خلاف کراچی شہر کے 28 مقامات پراحتجاج اوردھرنے جاری، شدید ٹریفک جام، شہریوں کو مشکلات سامناہے ، مظاہرین اور شہریوں میں جھڑپیں، متعدد موٹرسائیکلیں نذرآتش کردی گئیں۔

گلی کوچوں سے موٹرسائیکلوں پرنکلنے والے شہریوں اور مظاہرین میں تلخ کلامی کے واقعات ہو رہے ہیں اوراسی نوعیت کے ایک واقعے کے بعد شاہراہ فیصل پر ڈرگ روڈ کے قریب مشتعل افراد نے 5 موٹرسائیکلیں نذرآتش کردیں۔

پولیس کے مطابق بعض شہریوں نے فٹ پاتھوں اور گلی کوچوں سے ہوتے ہوئے مرکزی شاہراہ پر آنے کی کوشش کی جس پر وہاں موجود افراد سے تلخ کلامی اور پھر ہاتھا پائی ہوئی۔

بدنظمی کے اس واقعے کے بعد شہری موٹر سائیکل چھوڑ کر بھاگ نکلے اوراس دوران نامعلوم افراد نے 5 موٹر سائیکل کو آگ لگادی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حالات پرقابو پانے کیلیے پولیس اور رینجرزکی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی،صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

کراچی میں 28 مقامات پر احتجاجی دھرنا جاری ہے، نمائش چورنگی پرمرکزی دھرنے کے باعث سڑکیں ٹریفک کیلئے بند کردی گئیں، کورنگی کراسنگ اورسخی حسن پر بھی مظاہرین موجود ہیں۔

ملیر 15، اسٹارگیٹ، پاور ہاؤس، انچولی، فائیو اسٹار چورنگی پر بھی احتجاج ہورہا ہے، ٹاور، عائشہ منزل، ناظم آباد، اسٹیل ٹاؤن چوک، سرجانی میں دھرنا جاری ہے، شاہ فیصل کالونی پل، ضیاالدین چورنگی، ناگن چورنگی،پیپلزچورنگی پراحتجاج ہورہا ہے

ناتھا خان، کالونی گیٹ، کامران چورنگی، جوہر موڑ پر احتجاج جاری، صفورا چورنگی، ابوالحسن اصفہانی روڈ، نیپا، سمامہ پل کے قریب بھی دھرنا جاری ہے۔شہر بھر میں جاری دھرنوں کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہے جس کے باعث لوگوں کو آمد و رفت میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

کورنگی کراسنگ اور سخی حسن پر بھی احتجاج کیا جا رہا ہے جس کے باعث سڑکیں ٹریفک کیiئے بند کر دی گئی ہیں.

واضح رہےکہ گزشتہ روز دھرنے ختم کرنے کے حوالے سے اطلاعات موصول ہوئی تھیں تاہم مظاہرین نے مطالبات کی منظوری تک دھرنے ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے احتجاج کا دائرہ مزید بڑھادیا ہے۔