اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاک ترک تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں بدلنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو سے ملاقات کے دوران کہی۔
وزیراعظم سے ترک وزیر خارجہ کی ملاقات کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہونے والی بات چیت میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ہونے والی بات چیت میں تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیمی اور ثقافتی تعاون میں فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر ترکی کی مستقل حمایت کا شکریہ ادا کیا اور امن و سلامیت کو بھارتی اقدامات سے درپیش خطرات سے بھی آگاہی دلائی۔
وزیراعظم عمران خان نے ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو سے بات چیت کے دوران کہا کہ افغانستان میں تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پرکہا کہ اس ضمن میں تمام فریقین کو جامع اور وسیع سیاسی سمجھوتے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا اورکہا کہ مسلمانوں کی حضوراکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے اپنی عقیدت کو اجاگر کرنے کی بھی ضرورت ہے۔
پاکستان کے دورے پر آئے ہونے ترک وزیر خارجہ کو صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے ہلال پاکستان کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔
پاکستان اور ترکی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے ہیں جس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی ہے۔
پاکستان اور ترکی کے وزرائے خارجہ کی قیادت میں ہونے والے مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف شعبہ جات میں کثیر الجہتی اسٹریٹیجک شراکت داری کے مختلف پہلوؤں پربھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔