سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر سندھ حکومت نے کلیکٹر کا امتحان پاس نہ کرنے والے 15سینیئر افسران کو عہدوں سے ہٹادیا۔
عہدوں سے ہٹائے گئے افسران کو نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، ان افسران میں پیپلز پارٹی کے رہنما مرحوم مخدوم امین فہیم کے بیٹے مخدوم شکیل الزمان بھی شامل ہیں۔
ہٹائےگئے تمام افسران کو فوری طورپر ایس اینڈ جی ڈی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ میں اسسٹنٹ کلیکٹر کا امتحان پاس نہ کرنے والے افسران کو عہدوں سے ہٹانے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔
اس موقع پر عدالت میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ، سیکرٹری سروسز، درخواست گزار اور دیگر وکلاء پیش ہوئے۔
سیکریٹری سروسز غلام حیدر برہمانی کی جانب سے عمل درآمد رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق کلیکٹر ون اور ٹو کا امتحان نہ دینے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔
عدالت نے سیکرٹری سروسز کی عمل درآمد رپورٹ مسترد کرتے ہوئے انتباہ کیا کہ عدالتی حکم پر من و عن عمل کریں ورنہ توہین عدالت کی کارروائی شروع کریں۔
عدالت نے عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کے لیے سندھ حکومت کو 2 ہفتے کی مہلت دی۔
اس موقع پر شکیل الزمان سمیت 9 افسران کے وکلا نے توہین عدالت کی کارروائی ختم کرنے کے لیے درخواست دائر کی جسے عدالت نے مسترد کردیا اور ریمارکس دیےکہ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں ہوا، توہین عدالت کی کارروائی کیسے ختم کرسکتے ہیں۔
عدالت نے شکیل الزمان کے وکیل پر10ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔