گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نئی مردم شماری کے لیے تیار ہے جس کے محرکات طے کرلیے گئے ہیں، کابینہ کی خصوصی کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرلے گی تو وفاق مردم شماری کرانے میں تاخیر نہیں کرے گا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادر آباد میں ایم کیو ایم کنوینر ڈاکٹرخالدمقبول صدیقی اراکین اور دیگر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرعمران اسماعیل نےکہاکہ یہ کراچی والوں کے لئے اچھی خبر ہے،امین الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی کمیٹی کے تکنیکی اُمورکے بعد مردم شماری ہوگی،جیسے ہی کابینہ کی خصوصی کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرلے گی تو وفاق مردم شماری کرانے میں تاخیر نہیں کرے گا۔
اُنہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اتحادی ہے، دو وزیر کابینہ میں موجود ہیں جبکہ وزیر اعظم کی منظوری سے ایک اور وزیر لیا جائے گا، وزیراعظم ایم کیو ایم، جی ڈی اے اورکہیں سے بھی وزیر لے سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کی جانب 2017 میں ہونے والی مردم شماری میں غلط اعداد وشمار دینے پر تحفظات تھے جس پر وفاقی حکومت کی جانب سے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔