جمعیت علمائے اسلام کے سابق رہنما حافظ حسین احمد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اورپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قابلیت پر سوال اٹھا دیا۔
حافظ حسین احمد کا کہنا تھاکہ بلاول بھٹو اور مریم نواز کی کیا قابلیت ہے؟ سینیئر ان کے پیچھے ہیں؟ مولانا فضل الرحمان نے سینیئرز کے ہوتے ہوئے اپنے بیٹے کو پارلیمانی لیڈر بنایا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں فیصلے بلاول کررہے ہیں، مولانا برائے نام سربراہ ہیں۔
حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کا مطلب پی ڈی ایم کے مؤقف کی نفی ہے، ن لیگ جے یو آئی کو استعمال کر رہی ہے، اس پر لب کشائی کی تو انھیں جماعت سے نکال دیا گیا تاکہ کارکنوں کو گمراہ کیا جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ مولاناعبدالغفور حیدری نے اجلاس میں کہا تھا وہ مال لگائیں گے اور ہم جان لگائیں گے، ہم اپنے کارکنوں کی جانیں ضائع نہیں کرنا چاہتے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام سمیت 11جماعتیں شامل ہیں جبکہ اس اتحاد کے سربراہ جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمان ہیں۔