کراچی: سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 25 افراد جاں بحق جب کہ 739 متاثر ہو گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا کی صورتحال سے متعلق بتایا ہے کہ سندھ میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 42 ہزار 7922 ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 3 ہزار 925 ہو گئی ہے۔
مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں کورونا کے 814 مریضوں کی حالت تشویشناک جب کہ 89 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں کورونا کے مزید 505 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد شہر وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 75 ہزار 354 ہو گئی۔
خیال رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے دوران مثبت کیسزمیں نمایاں کمی ہوئی ہے اور شرح تین اعشار نو فیصد ہوگئی ہے۔
صورتحال دس نومبر سے قبل کے حالات کی جانب واپس آگئی ہے۔ گزشتہ سال آٹھ نومبر کومثبت کیسز کی شرح تین اعشاریہ نوفیصد کے قریب تھی
سندھ کے شہر حیدرآباد میں کورونا کے مثبت کیسزکی شرح سب سے زیادہ ہے جو 11.57 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔پشاور میں کورونا کے مثبت کیسزکی شرح 11.29 فیصد ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر کے مطابق کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.68 فیصد ہے۔ اسلام آباد میں 1.18فیصد، خیبرپختونخوا5.25، پنجاب5.97 اور سندھ میں مجموعی طور پر مثبت کیسز کی شرح 10.23 فیصد ہے۔
آزاد کشمیر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.97، بلوچستان3.52 اور گلگت بلتستان میں 0.56 فیصد ہے۔ ملک بھر میں 2 ہزار 273 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔