سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جس تیزی سے پیٹرول کی قیمت بڑھ رہی ہے، اس تیزی سےتو عمران خان نے کرکٹ میں رنز نہیں بنائے۔
پیٹرول 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر مزید مہنگا کردیا گیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ عمران خان روز عوام دشمن فیصلہ کرکے ان کا استحصال کررہے ہیں، یہ حکومت عوامی مسائل سے دور ہے اور انہیں عوام کے مسائل کا کوئی اندازہ نہیں، یہ سوشل میڈیاحکومت روز عوام کا استحصال کررہی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ حکومت غریب کے دکھوں کا مداوا نہیں کرسکتی تو اپنے غلط فیصلوں کی وضاحت نہ کرے، حکومت نے 45 روز میں تیل کی قیمتوں میں 11 روپےکا اضافہ کیا، عام آدمی ان غلط فیصلوں کا خمیازہ کیسے برداشت کرے گا؟ پیٹرولیم قیمتیں بڑھنےکی ذمے داری بھی گزشتہ حکومتوں پر جائے گی؟
ان کا کہنا ہے کہ جس تیزی سے پیٹرول کی قیمت بڑھ رہی ہے، اس تیزی سےتو عمران خان نے کرکٹ میں رنز نہیں بنائے۔
سندھ حکومت کے ترجمان کے مطابق موجودہ حکومت عوام دشمن اور کورونا فرینڈلی حکومت ہے، اس حکومت نے کورونا ویکسین امپورٹ نہیں کی بلکہ امداد میں ملی ہے، وزیراعلیٰ سندھ کے خط کا آج جواب ملا ہے، خط میں کہا گیا کہ آپ یہ کام نہیں کرپائیں گے، ویکسین وفاقی حکومت کوخریدنےدیں توبہترہوگا۔