اپوزیشن جماعتوں کا وفاقی حکومت سے پیٹرول مہنگا کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ
اپوزیشن جماعتوں کا وفاقی حکومت سے پیٹرول مہنگا کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

وزیر اعظم 13روپے اضافے کی سمری بنواتے اور کمی کرکے احسان جتاتے ہیں

اپوزیشن جماعتوں نے وفاقی حکومت سے پیٹرول مہنگا کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔
گزشتہ روز وفاقی حکومت نے ایک بار پھر عوام پر پیٹرول بم گرادیا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسری بار اضافہ کردیا ہے۔
اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مفتاح اسماعیل نے پیٹرول مہنگا کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت 2 ماہ میں11 روپے سے زائد پیٹرول کی قیمتیں بڑھا چکی، پہلے 13 روپے کی سمری تیار کراتے ہیں، پھر کمی کا ڈرامہ کرکے احسان جتاتے ہیں۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھاکہ عمران خان آپ کی ظلم کی حکومت نہیں چل سکتی، مہنگائی کے ستائے عوام جلد آپ سے استعفیٰ لینے آرہے ہیں، آپ نے عوام کو ایک روپے کا ریلیف نہیں دیا، مہنگائی کے نتیجےمیں ملک میں خودکشیاں اور جرائم بڑھ گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے قمرزمان کائرہ نے کہا کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم مار دیا، پیٹرول بڑھتا ہے، آٹا بڑھتا ہے، نہیں بڑھتی تو تنخواہ نہیں بڑھتی۔
جمعیت علمائے اسلام نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی مذمت کی اور کہا کہ نااہل حکومت نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔