سپریم کورٹ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کی بات ہو تو صوبے اپنے مسائل گنوانا شروع کردیتے ہیں،پنجاب حکومت نے بلدیاتی ادارے تحلیل کرکے جمہوریت کا قتل کیا، پنجاب حکومت کی بلدیاتی ادارے تحلیل کرنے کی کوئی وجہ تو ہوگی،مارشل لا کے دور میں تو ایسا ہوتا تھا لیکن جمہوریت میں ایسا کبھی نہیں سنا،کیا پنجاب لوکل گورنمنٹ ختم کرنے کا موڈ بن گیا تھا؟۔
نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی،دوران سماعت اٹارنی جنرل نے کہاکہ مردم شماری 2017 میں ہوئی ابھی تک حتمی نوٹی فکیشن جاری نہ ہوسکا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ کیا 2017 کے بعد سب ہوگئے؟ ، اٹارنی جنرل نے کہاکہ مردم شماری پر سندھ حکومت اور دیگر کے اعتراضات ہیں،مردم شماری پر اعتراضات پر وفاقی حکومت نے کمیٹی بنادی ہے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ کسی سیاسی جماعت کا نام نہ لیں، یہ آئینی معاملہ ہے، کیا سندھ کا اعتراض آبادی کم ہونے کا تھا، 2017سے 2021 تک مردم شماری پر فیصلہ نہ ہوسکا، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ کیا پاکستان کو اس طرح سے چلایا جارہا ہے؟۔
جسٹس مقبول باقر نے کہاکہ آرڈیننس تو 2 سے 6 روز میں آجاتا ہے،مردم شماری پر فیصلہ نہ ہوسکا،یہ ترجیحات کا ایشو نہیں بلکہ جان بوجھ کرکیا جاتا ہے۔
جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہاکہ مشترکہ مفادات کونسل کا چیئرمین کون ہے؟،اٹارنی جنرل نے کہاکہ مشترکہ مفادات کونسل کا چیئرمین وزیراعظم ہوتا ہے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ کیا وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلایا؟،اٹارنی جنرل نے کہاکہ وزیراعظم نے اجلاس بلایا تھا لیکن کسی وجہ سے نہ ہوسکا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کی بات ہو تو صوبے اپنے مسائل گنوانا شروع کردیتے ہیں،پنجاب حکومت نے بلدیاتی ادارے تحلیل کرکے جمہوریت کا قتل کیا، پنجاب حکومت کی بلدیاتی ادارے تحلیل کرنے کی کوئی وجہ تو ہوگی،مارشل لا کے دور میں تو ایسا ہوتا تھا لیکن جمہوریت میں ایسا کبھی نہیں سنا،کیا پنجاب لوکل گورنمنٹ ختم کرنے کا موڈ بن گیا تھا؟۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنر نے کہاکہ پنجاب لوکل گورنمنٹ کا نیا قانون بنا دیا گیا ہے۔