پنڈی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 298رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 370 رنز کا ہدف دیدیا۔
پنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 129 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو محمد رضوان 28 اور حسن علی صفر کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
حسن علی 5 رن بنا کر مہاراج کا شکار ہو گئے جبکہ یاسر شاہ 23 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے لیکن دوسری جانب محمد رضوان اپنا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے اور انہوں نے اپنی ففٹی مکمل کی۔
نعمان علی نے بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری 185 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے مکمل کی۔ شاہین شاہ آفریدی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان 115 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور وہ پاکستان کی جانب سے 2014 کے بعد سنچری کرنے والے پہلے وکٹ کیپر بن گئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے جارج لنڈے نے 5 اور مہاراج نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، دو وکٹیں کگیسو ربادا کے حصے میں آئیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 272 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 201 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئی تھی۔