پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کا کہنا ہے کہ حکومت سینیٹ الیکشن کو متنازع بنانا چاہتی ہے، جس طرح عام انتخابات کو متنازع بنایا گیا، سینیٹ انتخاب کو بھی متنازع بنایاجارہا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جامع انتخابی اصلاحات کے حامی ہیں، آپ مان چکے ہو کہ یہ ایک آئينی ایشو ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عدالت میں ریفرنس تو چل رہا ہے لیکن ہم اس آرڈیننس کو بھی چیلنج کریں گے، آئین و قانون کے تحت الیکشن ہوں گے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ اگر خدانخواستہ یہ سازش کامیاب ہوئی تو پاکستان کی جمہوریت پر بہت بڑا حملہ ہوگا۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پی ڈی ایم تحریک اور لانگ مارچ پر مشاورت ہوئی ہے، جبکہ سینیٹ انتخابات کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ اور جے یو آئی کے رہنما راشد محمود سومرو بھی شریک تھے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال اور حکومت مخالف مہم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔