پاکستان سُپرلیگ 6 کے ترانے کو ریلیز ہوتے ہی خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا ، تاہم تمام ترتنقید کے باوجود اداکارہ مہوش حیات کا شمار بھی ان میں ہے جو اس نئےتجربےکو سراہ رہے ہیں۔
مہوش حیات کا کہنا ہے کہ مجھے پی ایس ایل 6 کا ترانہ بیحد پسند آیا، یہ بولڈ اور فریش ہے۔ سمجھ نہیں آرہی کہ یہ گڑ بڑ کیوں ہے؟۔
بہت سی توقعات کے ساتھ آفیشل ترانے ” گروو میرا ” کوہفتہ 6 فروری کی شام ریلیزکیا گیا تھا جسے نصیبو لال ، آئمہ بیگ اور ریپرز ینگ اسٹنرز (طلحہ انجم اور طلحہ یونس) نے گایا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گروو میرا پر کی جانے والی تنقید کے حوالے سے مہوش نے لکھا ” یہی وہ چیز ہے جو تخلیقی صلاحیتوں کو دباتی ہے، ہم ہمیشہ وہی چیزیں چاہتے ہیں جو پہلے سے موجود ہوں اورکچھ بھی مختلف قبول کرنے کو تیار نہیں ہوتے ”۔
اداکارہ نے زور دیا کہ تنقید کے اس سلسلے کورُکنا چاہیے، ہمیں آوازوں اور آئیڈیاز کے حوالے سے تنوع کی ضرورت ہے۔
پی ایس ایل کےچھٹے ایڈیشن کا آغاز20 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم سے ہوگاجبکہ ایونٹ کا فائنل 22 مارچ کو لاہورکے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ 2021 کے دوران تماشائیوں کو محدود تعداد میں اسٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دی ہے، 20 فیصد تماشائی اسٹیڈیم میں دیکھ سکیں گے جس کے تحت 7 ہزار 500 افراد نیشنل اسٹیڈیم اورقذافی اسٹیڈیم میں 5 ہزار 500 شائقین کو جانے کی اجازت ہوگی۔