قومی احتساب بیورو (نیب) نے صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کرلیا۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں بورڈ نے 2ریفرنسز کی منظوری دی۔
اعلامیے کے مطابق سابق چیئرمین کے پی ٹی احمدحیات سمیت دیگرافسران کےخلاف ریفرنس دائرکرنےکی منظوری دی گئی۔
نیب اعلامیے کے مطابق ملزمان پر قومی خزانے کو 21.45 ارب روپےکا نقصان پہنچانےکا الزام ہے جبکہ بلوچستان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق سربراہان محمد فاروق، انور قمبرانی، علی ظہیر ہزارہ اور جاوید خان کے خلاف بھی ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی گئی۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان پر قومی خزانے کو 984.86ملین روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
اعلامیے کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ میں 8 انکوائریز کی منظوری بھی دی گئی جن میں رکن قومی اسمبلی سردار جعفر خان لغاری اور خیبرپختونخوا کے وزیر شوکت یوسفزئی کے خلاف انکوائریز کی منظوری شامل ہے۔
نیب ایگزیکٹو بورڈ میں8 انویسٹی گیشنز کی منظوری بھی دی گئی جس میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری بھی شامل ہے۔
سابق وزیرپیداوار منظور احمد وٹو کے خلاف انکوائری عدم ثبوت پربند کرنے کی منظوری دی گئی۔