ہندوتوا نظریہ خطے کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، وزیر خارجہ کا کراچی میں بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس سے خطاب
ہندوتوا نظریہ خطے کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، وزیر خارجہ کا کراچی میں بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس سے خطاب

بھارت بحرِ ہند میں ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کا باعث ہے، وزیر خارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ بھارت بحرِ ہند میں ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کا باعث ہے۔
کراچی میں بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس سے خطاب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوتوا نظریہ خطے کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، پاکستان نیوی قیام امن میں پیش پیش رہی۔
نویں بین الاقوامی میری ٹائم کا نفرنس کے تیسرے اور آخری روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب ‏ میں کہا کہ گوادرپورٹ سےنئے کاروبار اور کوسٹل انڈسٹریز کو فروغ ملے گا، گوادر پورٹ محل و قوع کے حساب سے اسٹریٹجک اہمیت رکھتاہے ، سی پیک اور گوادرپورٹ گیم چینجنگ پراجیکٹس ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتہا پسندانہ عزائم کے نتیجے میں بھارت نے بحرہند کو جوہری خطرات سے دوچار کیا ہوا ہے، وہ جدید جنگی نظام اور جوہری مواد لے جانے والے ہتھیار نصب کررہا ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا کہنا تھا کہ قومی مفادات پر تمام سیاستدان متحدہیں، پہلی مرتبہ بِلیو اکانومی کی پالیسی پی ٹی آئی کی حکومت نے پیش کی، آبی حیات کے تحفظ کے لیے بلین ٹری سونامی کے تحت ایک ارب مینگرووز بھی لگائے جائیں گے۔
کانفرنس سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ دنیا کے 40ممالک امن مشق میں حصہ لے رہے ہیں، بلیو اکانومی کی ترقی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون ضروری ہے۔