مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ڈسکہ میں ذیشان کو سیدھی گولیاں مارکرشہید کیا گیا اور اسی کے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے اندر کردیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے عملے کو ہی چوری کرلیا گیا، پورے ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کرایا جائے۔
این اے 75 ڈسکہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ڈسکہ میں پی ٹی آئی تمام ہتھکنڈوں کے باوجود ہار گئی، ایک سیٹ کیلئے نوجوان کی جان لے لی گئی، سیدھی گولیاں مار کر نوجوان کو ہلاک کردیا، ووٹ چور شرم کریں، انہوں نے ایک گھر کا چراغ بجھا دیا ہے، معلوم ہوتا کہ یہ سیٹ کی خاطر جان لیں گے تو ہم انہیں یہ سیٹ مفت میں دے دیتے۔انہوں نے ایک بیٹے کی جان لے لی اور دوسرے بیٹے کو حوالات میں بند کیا ہوا ہے، ذیشان کی جان گئی اور اسی کے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نوشہرہ میں شیرنے ان کو ان کے گھر میں گھس کر مارا، یہ لاکھ منہ چھپائیں اور اپنے بندوں کو نکالیں لیکن لوگ پاگل نہیں ہیں، ڈسکہ میں جب کسی اور چیز پر ان کا بس نہیں چلا تو فائرنگ کرکے خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا گیا، ڈسکہ میں تحریک انصاف کا امیدوار اپنے ہی پولنگ پر 300 ووٹوں سے ہار گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈسکہ کے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرایا جائے۔