راولپنڈی: سوشل میڈیا پر فیک آئی ڈیز بنا کر شہریوں سے پیسے بٹورنے والوں کے خلاف بڑے آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ جعلی آئی ڈیز کے پیچھے چھپے نیٹ ورک کو گرفتار کرے گا۔ ایف آئی اے ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شہریوں کی جعلی آئی ڈیز بنا کر ان کے قریبی افراد سے پیسے بٹورنے کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، سال 2021 کے پہلے 7 ہفتوں میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو تین ہزار سے زائد تحریری شکایات موصول ہوچکی ہیں جس میں سوشل میڈیا فراڈ کے ذریعے شہریوں سے پیسے بٹورے جارہے ہیں۔
راولپنڈی کے رہائشی اسد احمد نے بتایا کہ کسی نامعلوم ملزم نے فیس بک پر اس کے نام سے جعلی آئی ڈی بنا رکھی ہے جبکہ اس کی اصل آئی ڈی سے فوٹو چوری کرکے جعلی آئی ڈی پر لگائی گئی ہے، جعلی آئی ڈی کے پیچھے چھپے افراد اس کے قریبی دوستوں کو پہلے فرینڈ ریکوئسٹ بھیجتے ہیں اور بعد میں کسی بھی مشکل کا ذکر کرنے کے بعد فوری پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اسد احمد کا کہنا تھاکہ اس نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو تحریری طور پر درخواست کردی ہے جس میں ایف آئی اے حکام نے درخواست وصول کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ فیک آئی ڈی چلانے والوں کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا تھاکہ سائبر کرائم ونگ ایسی تمام جعلی آئی ڈیز کا ڈیٹا مکمل کرچکا ہے، آئی ٹی ایکسپرٹس کی بھی مدد لی جائے گی جبکہ مختلف جدید وسائل استعمال کرکے اس جرم کے پیچھے موجود افراد کی لوکیشن حاصل کی جائے گی تاکہ متعلقہ علاقوں میں چھاپے مار کر جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا جاسکے۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا تھاکہ اس حوالے سے فیس بک اور سماجی رابطوں کی دوسری ویب سائٹس کو سرکاری سطح پر تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا تاکہ مین سرور سے بھی معلومات تک رسائی حاصل کی جاسکے۔