امن کی کاوشوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ایئرچیف مارشل مجاہد انور
امن کی کاوشوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ایئرچیف مارشل مجاہد انور

بھارتی پائلٹ ابھینندن کو امن کی خاطر واپس کیا، سربراہ پاک فضائیہ

ایئرچیف مارشل مجاہد انور کا آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہونے پر کہنا ہے کہ امن کی خاطر ابھینندن بھارت کو واپس کیا۔
پاک فضائیہ کے آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 2 سال مکمل ہوگئے، فروری 2019 میں پاکستان نے بھارت کو کرارا جواب دیا اسی مناسبت سے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پاک فضائیہ کے ایف16، جے ایف17 ، ایف7 اور میراج طیاروں کی فارمیشنز کا شاندار فلائی پاسٹ کیا گیا۔خصوصی تقریب میں ملی نغموں نے ماحول گرما دیا۔
ائیرچیف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کی کاوشوں کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، کسی بھی مہم جوئی کا فوری جواب دیا جائے گا، وطن کے دفاع کےلیے ہرلمحہ تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2019 میں دشمن نے ہماری قومی سلامتی کو چیلنج کیا، امن کی خاطر بھارتی پائلٹ کو واپس کیا۔
ایئر چیف نے کہا کہ ملکی سلامتی کو للکارنے والے جان لیں کہ پاک فضائیہ بروقت اورکاری ضرب لگانا جانتی ہے، اگر ہماری سالمیت اور خودمختاری کوللکارا گیا تو ہمارا ردِعمل 27 فروری 2019 کی طرح بروقت اور ٹھوس ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے کووڈ 19 کے وبائی مرض سے درپیش مسائل کے باوجود اپنی آپریشنل تیاریوں کو برقرار رکھا، پاک فضائیہ اپنی آپریشنل صلاحیتوں میں مزید اضافے کیلئے جدت اور خودانحصاری کی طرف گامزن ہے۔