ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وبا میں مبتلا 54 مریض دم توڑ گئے ہیں، جبکہ پنجاب کے چھ اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے مزید 2،701 کیسز سامنے آگئے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے سبب لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور سرگودھا میں دو ہفتوں کے لیے اسمارٹ لاک ڈاون نافذ کر دیا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا کہنا ہے کہ ماہرین صحت کی رائے کے مطابق جن 6 اضلاع میں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے زائد ہے وہاں 15 دن تک سخت ایس او پیز لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ ان اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے، پارکس، ان ڈور شادی ہال، مزارات، میلوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی جبکہ مارکیٹس شام 6 بجے بند کر دی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب کے کچھ شہروں میں برطانیہ میں پائے جانے والے کورونا وائرس کی نئی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے۔