پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب چاہتا ہے کہ مریم نواز کی زبان بندی کی جائے۔ نیب ملک میں سیاست کررہا ہے۔ مریم نواز قومی معاملات پر گفتگو کرتی ہیں۔ کہا گیا مریم نواز اداروں کے خلاف بات کرتی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ ضمانت بہت ہی مخصوص حالات میں منسوخ کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب احتسا ب کا ادارہ نہیں ہے، یہ انتقام کا ادارہ ہے۔ کہا گیا کہ مریم نواز نے نیب کو ڈرانے اور دھمکانے کی کوشش کی۔ مریم نواز اگر اداروں کیخلاف بات کرتی ہیں تو ادارے کارروائی کرسکتے ہیں۔ اگر مریم نواز حکومت کیخلاف بات کرتی ہیں تو حکومت کارروائی کرسکتی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب چیئرمین سپریم کورٹ کے جج رہے ہیں ان کو قانون کا پتہ ہے۔ کیا یہ درخواست چیئرمین نیب کی مرضی کیساتھ دی گئی ہےیا ان کی مرضی کے بغیر۔ نیب کو مریم نواز سے تکلیف ہے وہ تکلیف بھی دور ہوجائے گی۔
ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب نے درخواست میں لکھا ہے کہ مریم نوازحکومت کیخلاف بات کرتی ہیں۔ نیب احتساب کا ادارہ نہیں ہے، یہ سیاسی وفاداری تبدیل کرانے کا ادارہ ہے۔ نیب نے درخواست میں عدالت کا وقت ضائع کرنے کی کوشش کی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ امید ہے عدالت کا وقت ضائع کرنے پر نیب کو جرمانہ دینا پڑے گا۔ نیب آج ملک میں سیاست کا فرنٹ لائن کھلاڑی ہے۔ حکومت نیب کے پیچھے کھڑے ہو کر سیاست کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز اور مریم نواز حق کی بات کرتی رہیں گی۔ ہم نیب اور جیلوں سے نہیں گھبراتے۔ یہ سارے تماشے مریم نواز کی زبان بندی کی کوشش ہے۔ یہ سارے تماشے ڈرانے دھمکانے کی کوشش ہے۔ نیب شاہ سے زیادہ شاہ کاوفادار ہو رہا ہے۔