پی ڈی ایم حکومت کو پتلی گلی سے نکلنے کی اجازت نہیں دے گی۔فائل فوٹو
پی ڈی ایم حکومت کو پتلی گلی سے نکلنے کی اجازت نہیں دے گی۔فائل فوٹو

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا۔مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ اصولی فیصلہ ہوچکاہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا،اور اصول کے تحت تمام جماعتیں اس فیصلے کی پابند رہیں گے۔

لاہور میں مولانا فضل الرحمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی نالائقی نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، ان کا مستقبل ان کی اپنی کارکردگی سے جڑا ہوا ہے، پی ڈی ایم کسی موقع پر حکومت کو پتلی گلی سے نکلنے کی اجازت نہیں دے گی۔

لیگی رہنما نے کہا کہ کوشش ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں متحد رہیں، پیپلزپارٹی کا اپنا فیصلہ ہے کہ وہ  پی ڈی ایم کے ساتھ رہے یا نہ رہے، سینیٹ الیکشن میں تمام جماعتیں یوسف رضا گیلانی کی حمایت کررہی تھیں، اور اب اصولی فیصلہ ہو چکا ہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر (ن) لیگ کا ہوگا، اس حوالے سے مولانا فضل الرحمن سے بھی بات ہوچکی ہے، اصول کے تحت تمام جماعتیں اس فیصلے کی پابند رہیں گے، کسی کی ہارجیت کے بعد تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں۔

مریم نوازنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حمزہ شہباز سے کوئی اختلافات نہیں،جھوٹوں پراللہ کی لعنت ہو،اس طرح کی خبریں پھیلانا شرمناک عمل ہے، کچھ چینلزپربے بنیاد خبریں چلائی گئیں،یہ30سال سے اسی طرح کا پراپیگنڈہ کر رہے ہیں، جو کامیاب نہیں ہوا،ناکامی ان کا مقدر بنے گی۔