جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے فلگ شگاف نعرے لگائے اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے دعا کی۔فائل فوٹو
جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے فلگ شگاف نعرے لگائے اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے دعا کی۔فائل فوٹو

ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ نماز فجرکے بعد مملکت خدادا دکی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں، وفاقی دارالحکومت میں اکتیس، صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز ہوا، جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے فلگ شگاف نعرے لگائے اور ملکی سلامتی و استحکام کے لیے دعا کی۔

وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز31 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاک فوج کے جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ لاہور گیریڑن میں بھی دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ پشاورگیریڑن میں بھی جشن آزادی کے سلسلے میں توپ کے 21 گولے داغے گئے۔ کوئٹہ کینٹ میں دن کا آغاز اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔

ادھر لاہور مزار اقبال پر گارڈ تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل ندیم اختر خان، ائیر افیسر کمانڈنگ پی اے ایف ائیرمین اکیڈمی، کورنگی کریک تھے۔ مہمان خصوصی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے شاعر مشرق کو سلامی دی اور حفاظتی فرائض سنبھالے۔

دوسری جانب پاک فوج کے تعلقات عامہ کے مطابق آج ہونے والی یوم پاکستان کی تقریب موسم کی خرابی کے باعث دو روز کیلیے ملتوی کر دی گئی ہے، تقریب اب 25 مارچ کے روز منعقد کی جائے گی۔

پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھےگا۔وزیر اعظم

یوم پاکستان پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آج تجدید عہد وفا کا دن ہے، ریاست مدینہ کی طرح پاکستان کو خوشحال ملک بنانے کا عزم کرتے ہیں، آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے ہندوتوا ذہنیت سے آزادی کیلیے علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا، ہمیں قائداعظم کے اتحاد، عقیدے اور نظم و ضبط کے اصولوں پرعمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج کے دن غیر قانونی مقبوضہ کشمیرکے عوام سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں، حق خودارادیت کے حصول کیلیے کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، آئیں پاکستان کو ریاست مدینہ کے مترادف، ترقی پسند اور خوشحال ریاست بنانے کے عزم کی تجدید کریں، کورونا وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، کورونا کا سامنا کرنے کیلئے مضبوط رہنے کی ضرورت ہے۔

بھارتی فورسز نے  کشمیریوں کو محکوم بنا رکھا ہے۔عارف علوی

یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی فورسز نے دہائیوں سے محکوم بنا رکھا ہے، اقوام عالم کو غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینا چاہئے، اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کیلیے رواداری اور انسان دوست معاشرہ بنانے کی جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اہم کردار ادا کرنے والے اپنے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں، اتحاد، ایمان اور تنظیم کی مدد سے ہم اپنی راہ میں آنیوالے کسی بھی چیلنج پر قابو پاسکتے ہیں۔