پولیس نےسفید فام حملہ آورکو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا۔فائل فوٹو
پولیس نےسفید فام حملہ آورکو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا۔فائل فوٹو

امریکا۔سپر اسٹور میں فائرنگ سے10 افراد ہلاک

امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر بولڈر کے ایک سپر اسٹور میں فائرنگ سے 10 افراد ہلاک ہوگئے جن میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق ایک مسلح شخص نے کنگز سپرمارکیٹ میں داخل ہوکر اندر موجود خریداروں پر گولیاں برسادیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اورعمارت کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ادھیڑ عمرکے سفید فام حملہ آورکو زخمی حالت میں گرفتارکرنے میں کامیاب ہوگئی۔ حملے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

مارکیٹ میں موجود لوگوں نے اس واقعے کو یوٹیوب پر براہ راست نشر کردیا تاہم بعدازاں یوٹیوب نے ان ویڈیوزکو دیکھنے کے لیے 18 سال کا ہونے کی شرط لگادی۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور ملزم سے اس حملے کی وجہ جاننے کے لیے تفتیش کی جارہی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے اس واقعے کے بارے میں صدر جو بائیڈن کو آگاہ کر دیا ہے جو صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی امریکی ریاست جارجیا میں 3 مساج پارلرز میں فائرنگ سے 6 خواتین سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔