اسلام آباد میں بارش کے باعث 23 مارچ کی پریڈ اب 25مارچ کو ہو گی
اسلام آباد میں بارش کے باعث 23 مارچ کی پریڈ اب 25مارچ کو ہو گی

ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سےمنایاگیا

یوم پاکستان آج بھرپور ملی جوش و جذبے سےمنایا گیا۔ اسلام آباد میں دن کے آغاز پر 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21، توپوں کی سلامی دی گئی جب کہ یومِ پاکستان کی مناسبت سے آج ملک بھر میں عام تعطیل تھی۔
کراچی میں مزار قائد پروزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ سمیت اہم شخصیات نے حاضری دی اور پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ،قائد اعظم کی جائے پیدائش وزیر مینشن میں بھی پرچم کشائی ہوئی اور کیک بھی کاٹا گیا۔
یومِ پاکستان پر لاہور میں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے مزار کے گارڈ کے فرائض سنبھالے۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل ندیم اختر خان تھے، گارڈز نے مہمان خصوصی کو سلامی دی اور گارڈ آف آنرپیش کیا جب کہ ائیر وائس مارشل ندیم اختر خان نے مزار پر پھول رکھے اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں بارش کے باعث 23 مارچ کی پریڈ اب 25مارچ کو ہو گی جس میں تینوں مسلح افواج سمیت مختلف اداروں کے دستے حصہ لیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 مارچ کی پریڈ کا وقت اور مقام وہی ہو گا جو پہلے سے طے شدہ ہے۔
25 مارچ کو یومِ پاکستان کی پریڈ کے موقع پر اسلام آباد اور راولپنڈی میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔