نئے حکم نامے میں انڈور اجتماعات پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے
نئے حکم نامے میں انڈور اجتماعات پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے

کورونا کیسز میں اضافہ، اسلام آباد میں نئی پابندیاں نافذ کردی گئیں

کورونا کیسز میں اضافے کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کی ہدایت پر اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے نئی پابندیاں نافذ کردیں۔
اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے نئی پابندیوں کے اطلاق کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق اسلام آباد میں ہر طرح کے انڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی، آؤٹ ڈور کھانے کی اجازت رات 10 بجے تک ہوگی، ویک اینڈ پر ان ڈور آؤٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی جب کہ ویک اینڈ پر صرف ٹیک اوے اور ہم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔
نئے حکم نامے میں انڈور اجتماعات پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے جب کہ کھلے مقامات پر 300 افراد کے اجتماع کی ایس او پیز کے تحت اجازت ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق کھیلوں ، تہواروں اور دیگر پروگراموں پر بھی مکمل پابندی ہوگی اور تفریحی پارکس بھی بند رہیں گے تاہم واک اور جاگنگ ٹریک کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھلے رہیں گے۔
مناسب وینٹی لیشن انتظامات کی حامل مارکیز کو انڈرور شادی تقریبات کی اجازت دی گئی ہے،انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش پر کام کرے گی اور تمام تجارتی سرگرمیوں پررات 10 بجے کے بعد پابندی عائد ہوگی۔
آج ہونے والے این سی او سی کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا تھا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیا کے مطابق اسلام آباد میں 24 گھنٹے کے دوران 460کوروناکیس رپورٹ ہوئے اور 24 گھنٹےمیں مثبت کیسزکی شرح 8.8 فیصد رہی۔
ڈی ایچ او کے مطابق اسلام آباد 24 گھنٹوں میں کورونا کے 4 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔