سینیٹر شبلی فراز نے پیپلز پارٹی اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پر شاعرانہ انداز میں طنز کے نشتر چلا دیے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف منتخب ہونے پر سوشل میڈیا پیغام میں ایک شعر لکھ کر اپوزیشن پر تنقید کی۔
شبلی فراز نے لکھا کہ ’ترے دل کے ٹوٹنے پر ہے کسی کو ناز کیا کیا، تجھے اے جگر مبارک یہ شکستِ فاتحانہ‘۔
دوسری جانب پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے صدر سینیٹر اعجاز چوہدری نے بھی یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی سینیٹرشپ گہنائے ہوئے چاند اور مرجھائے پھول کی مانند ہے۔
سینیٹر اعجاز چوہدری کا کہنا تھا چیئرمین سینیٹ کا اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا فیصلہ قابل تعریف ہے، پی ڈی ایم کا ذکر اب ختم ہو جانا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ پنجاب کے چند اضلاع تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔