اسلام آباد: پاکستان نے آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت بجلی کی قیمت میں 3 روپے 34 پیسے مزید اضافہ کردے گی۔
یہ بات آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے جاری کردہ اپنی پانچویں جائزہ رپورٹ میں بتائی ہے۔
آئی ایم ایف کی جائزہ رپورٹ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بعد جاری کی گئی ہے۔
جائزہ رپورٹ میں پاکستان کی معاشی کارکردگی اور مستقبل سے متعلق جائزہ پیش کیا گیا ہے۔
جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے بجلی 3 روپے 34 پیسے مہنگی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں حکومت بجلی کی قیمت میں ایک روپے 95 پیسے کا اضافہ کرے گی۔
جائزہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومتی یقین دہانی کے مطابق دوسرے مرحلے میں بجلی کی قیمت مزید ایک روپے 63 پیسے مہنگی کی جائے گی۔
آئی ایم ایف کی جانب سے بجلی کی قیمت میں مزید اضافے سے متعلق جائزہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ جب صرف ایک دن قبل حکومت نے بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا ہے جب کہ تین دن قبل بھی پن بجلی کی قیمت میں بھی اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔
حکومت کی جانب سے دو ہفتے قبل بھی بجلی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تھا جب کہ موجودہ حکومت نے کچھ دن قبل اس طرح بجلی قیمت میں اضافہ کیا تھا کہ صرف ایک دن میں دو مرتبہ قیمت بڑھ گئی تھی۔