آئندہ چند روز میں مشترکہ فیصلہ کریں گے۔فائل فوٹو
آئندہ چند روز میں مشترکہ فیصلہ کریں گے۔فائل فوٹو

ہم جہانگیرترین کیساتھ ہیں، عمران صاحب غصہ نہ دکھائیں، پی ٹی آئی رہنما

لاہور: تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا ہے کہ عمران خان کے ارد گرد کچھ لوگ جہانگیر ترین کو ٹارگٹ کررہے ہیں اور ہم بلیک میلر نہیں ہیں۔
لاہور میں جہانگیر ترین کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے قائد جہانگیر ترین کے ساتھ ہیں، ہمارے لیڈر اور کپتان عمران ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کے ہمراہ 22 ایم پی ایز اور8 ایم این ایز حمایت کیلئے آئے ہیں، ہم جتنے دوست جہانگیر ترین کے ساتھ ہیں وہ عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آپ کے ارد گرد کچھ لوگ ایسے ہیں جو ہمارے قیمتی اثاثے جہانگیر ترین کو ٹارگٹ کررہے ہیں اور ان کے خلاف سازش کرکے جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں۔
راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ ہم بلیک میلر نہیں، ہم پی ٹی آئی کے ہمدرد ہیں، ہم حکومت اور عمران خان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں جب کہ جولوگ جہانگیر ترین کے خلاف سازش کررہے ہیں وہ عمران خان اور پارٹی کے خلاف ساز ش کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران صاحب جذباتی اور غصے کی ضرورت نہیں، انصاف کی ضرورت ہے، ایماندار لوگوں سے انکوائری کرائیں ہم عدالت میں حاضر ہیں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔