تحریک انصاف کے سينئر رہنما و وزیر خارجہ شاہ محمود قريشی کہتے ہیں کہ جہانگيرترين کو تشويش ہے تو عمران خان کے دروازے کھلے ہيں لیکن پيپلزپارٹی ميں جانا چاہتے ہيں تو استعفیٰ ديں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کسی کے سامنے بليک ميل نہيں ہوں گے۔ کرپشن کا خاتمہ تحريک انصاف کے منشور کا اہم جز ہے اور وزيراعظم کبھی اس پر سمجھوتہ نہيں کريں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتيں آتی جاتی رہتی ہيں ليکن پارٹی کے بنيادی نظريات پر سمجھوتہ نہيں کيا جاتا۔ ہمیں مافیاز کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے اور ہمارا سب سے بڑا چیلنج مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہے۔
شاہ محمود نے کہا کہ ہم ذخیرہ اندوزی اور سٹہ بازاری کا مقابلہ چیزیں درآمد کرکے کر رہے ہیں جبکہ جو کچھ ممکن ہے حکومت وہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے رمضان پیکج کے لیے اربوں روپے کی گرانٹ بھی منظور کرلی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والا ہر ممبران اسمبلی عمران خان کا پابند ہے۔ آزاد امیدوار تحریک انصاف میں خود شامل ہوئے تھے زبردستی شامل نہیں کیا تھا جبکہ آزاد ارکان نے شمولیت سے پہلے خطوط پر دستخط بھی کیے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ روسی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے موقع پر میڈیا اتنے بڑے ایونٹ کو چھوڑ کر اس بات پر توجہ دے رہا تھا کہ چھتری نہیں پکڑی ہوئی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کے خلاف ایف آئی اے نے شوگر کیس کے مقدمات درج کیے ہیں جبکہ جہانگیر ترین اور انکے بیٹے علی ترین نے لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کروا رکھی ہے۔