لاک ڈاؤن اور پابندیوں کا اطلاق سندھ بھر میں ہوگا۔فائل فوٹو
لاک ڈاؤن اور پابندیوں کا اطلاق سندھ بھر میں ہوگا۔فائل فوٹو

مظاہرین سے سیاسی ڈائیلاگ کیلئے تیار ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مذہبی جماعت کے مظاہروں میں 5 لوگ جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ پرامن طریقے سے احتجاج کی اجازت ہے لیکن کسی کو تکلیف پہنچانے کی اجازت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کسی کو نقصان نہ پہنچے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ مظاہروں میں 5 لوگ جاں بحق اور 18 زخمی ہوئے ہیں جبکہ 12 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ہم مظاہرین کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ کیلئے تیار ہیں لیکن قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق 26 میں سے 24 مقامات پر احتجاج ختم کیا جا چکا ہے، مظاہرے کیلئے جگہ دینے کو بھی تیار ہیں۔
دوسری جانب مختلف شہروں میں احتجاج کے دوران گرفتاریوں سے متعلق وزارت داخلہ نے رپورٹ جاری کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک بھر سے 2 ہزار 135 افراد گرفتار کرلیے گئے، سب سے زیادہ 1669 افراد پنجاب سے گرفتار کیے گئے، گرفتار افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی کے مقدمات قائم کئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایک مذہبی جماعت کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی دھرنے دیے گئے تھے جبکہ کراچی سمیت صوبے کے مختلف مقامات پر بھی دھرنے دیے گئے جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔