حملے میں زخمی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔فائل فوٹو
حملے میں زخمی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔فائل فوٹو

البانیہ میں چاقو بردار شخص کا نمازیوں پر حملہ۔ 5 افراد شدید زخمی

یورپی مسلم اکثریتی ملک البانیہ کے دارالحکومت میں چاقو بردار شخص نے مسجد میں داخل ہوکر نمازیوں پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق البانیہ کے دارالحکومت تیرانا میں نماز ظہرکے وقت 34 سالہ چاقو بردار شخص مسجد میں داخل ہوا اور بلا اشتعال نمازیوں پرچاقو کے پہ در پہ وارکیے۔

پولیس نے 34 سالہ حملہ آورکو حراست میں لے لیا جس کی شناخت روڈلف نکولی کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم نے تاحال حملے کی وجہ نہیں بتائی جبکہ اب تک پولیس ملزم کے مذہب اور خاندان کے بارے میں معلومات حاصل نہیں کر پائی ۔

ریسکیو ادارے نے پانچوں زخمیوں کو ایمبولنس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا۔ زخمی ہونے والوں کی عمریں 22 سے 35 سال کے درمیان ہے۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

امام مسجد محمد احمد نے میڈیا کو بتایا کہ رمضان کے باعث مسجد نمازیوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی، حملہ آور کو جلد قابو کرلیا گیا تھا جس کے باعث زیادہ نقصان نہیں ہوا۔