پاکستان کی سماجی خدمت گار تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے پڑوسی ملک بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور لاکھوں افراد کے متاثر ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایک میڈیا بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ مصیبت کی گھڑی میں ایدھی فاؤنڈیشن اور اس کے رضا کار اپنے پڑوسی ملک کی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اپنے بیان کے ساتھ انھوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے گئے ایک خط کی کاپی بھی میڈیا کو بھیجی ہے جس میں انہوں نے ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے پچاس ایمبولینسز اور رضاکاروں کی ٹیم ہندوستان بھیجنے کی پیشکش کی ہے تاکہ بھارت کے عوام کی اس مشکل وقت میں مدد کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی انہیں سرکاری طور پر اجازت ملے گی وہ اپنی خصوصی رضاکار ٹیم کے ساتھ بھارت روانہ ہوجائیں گے۔