سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ جو لوگ پی ڈی ایم چھوڑ گئے ہیں انہيں نظر ثانی کا ایک اور موقع دیا جاتا ہے ،ان ساتھیوں کو اپنی غلطی کو تسلیم کرنا چاہیے ۔
اسلام آباد میں پی ڈی ایم اسٹیئرنگ کمیٹی کا مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پیپلزپارٹی اور اے این پی ارکان کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔
اجلاس میں اسحاق ڈار، احسن اقبال اور جہانزیب جمالدینی ویڈیو لنک پر شریک ہوئے، اجلاس میں پی ڈی ایم کی آئندہ کی سیاسی حکمت اور ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم چھوڑنے والے مثبت لب و لہجے میں بھی بات کرسکتےہيں ، جو رویہ انہوں نے اپنایا ہے کس جمہوری انداز کی عکاسی کرتاہے؟
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اپنی پوری قوت کے ساتھ کھڑی ہے،کچھ ساتھی جو علیحدہ ہوئےہیں انہیں جونظر ثانی کی اپیل کی اس پر قائم ہیں، ان ساتھیوں کو اپنی غلطی کو تسلیم کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا جلد سربراہی اجلاس بلایا جائے گا اور پوری قوت کے ساتھ بھرپور عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی، آئندہ اجلاس میں ماہرین سے معیشت کی بہتری کے لیے تجاویز بھی لی جائیں گی۔
انہوں نےکہا کہ کورونا کا رونا رویا جا رہا ہے، لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، آج تک ایک پیسے کی دوائی بھی باہر سے نہیں لائی جا سکی، اس حکومت سے نجات اور خاتمہ کے لیے پرعزم ہیں۔