احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس کی سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔فائل فوٹو
احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس کی سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔فائل فوٹو

وکیل کو نامزد کریں گے تب ہی آپ کو جانے دیں گے۔ جج شاہد خاقان عباسی پر برہم

احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی ، شاہد خاقان عباسی کے وکیل کے پیش نہ ہونے پرعدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے وکیل سے کہیں کہ کسی کو یہاں نمائندہ کریں تب ہی آپ کو جانے دیں گے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق شاہد خاقان عباسی عدالت پیش ہوئے، نیب کے گواہ عبدالرشید جوکھیو کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا، شاہد خاقان عباسی کے وکیل عدالت میں کورونا وائرس کے باعث پیش نہیں ہو سکے ، شاہد خاقان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ میرے وکیل کا کورونا ٹیسٹ ابھی تک منفی نہیں آیا لہٰذا وہ حاضر نہیں ہو سکے ، جج اعظم خان نے برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ایسا کریں گے تو مقدمے کی سماعت روزانہ کی بنیاد پرکریں گے ،عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو حاضری لگا کر جانے کی استدعا بھی مسترد کردی ۔

جج اعظم خان نے کہا کہ آپ کے وکیل موجود نہیں تو آپ کی موجودگی میں بیان قلمبند ہوگا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں اپنے وکیل سے فون پر رابطہ کرکے عدالت کو بتاتا ہوں جس پر جج اعظم خان نے کہا کہ آپ اب یہ بات کہہ رہے ہیں ، اپنے وکیل سے کہیں کہ وہ یہاں کسی کو نمائندہ مقرر کریں ، وہ یہاں کسی وکیل کو آج نامزد کریں گے تب ہی آپ کو جانے دیں گے ۔عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو فون پر رابطہ کرنے کی مہلت دے دی۔

شاہد خاقان عباسی کی جانب سے ایک اوروکیل کو نمائندہ مقرر کیا گیا جس کے بعد عدالت نے انہیں عدالت سے جانے کی اجازت دے دی۔