غلط فیصلوں کی وجہ سے عبرت ناک شکست ہوئی،فائل فوٹو
غلط فیصلوں کی وجہ سے عبرت ناک شکست ہوئی،فائل فوٹو

این اے 249 میں دردناک شکست پر پی ٹی آئی رکن شہزاد اعوان کا وزیر اعظم کا خط

پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 میں دردناک شکست کا سامنا کرنا پڑا جس پراب پارٹی کے اندر اور باہر دونوں بحث جاری ہے اورایسی صورتحال میں بلدیہ سے رکن سندھ اسمبلی شہزاد اعوان نے وزیراعظم عمران خان ، گورنر سندھ ، چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کو خط لکھتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہارکردیاہے اورکہا کہ ہماری جماعت کا مقامی ڈھانچہ مکمل طورپرناکام ہوچکا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق شہزاد اعوان نے سب سے پہلے تحریک انصاف کے امیدوار امجد آفریدی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا کہ یہ امیدوار بہت کمزور ہے، یہ یوسی اور سندھ اسمبلی کی نشست پر ہار چکا ہے پارٹی کو نقصان ہو گا۔ شہزاد نے خط میں لکھا ہے کہ میں نے پہلے کہا تھا کہ یہ امیدوار مناسب نہیں میرے خدشات سچ ثابت ہوئے۔

انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صاحب کے کہنے پر ہم نے ان کی انتخابی مہم چلائی لیکن مجھ سمیت تمام لوگ بہتر انداز سے مہم نہیں چلا سکے، میں وزیر اعظم کے حکم پر انتخابی مہم چلائی لیکن میرے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جارہی ہے کہ میری وجہ سے ہارے ہیں، این اے 249میں شکست کی وجہ جاننے کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے۔

سینئر ممبر پر مشتمل کمیٹی تعین کرے کہ شکست کے عوامل کیا ہیں، مجھ سمیت جن افراد کو جو فرائض سونپے گئے وہ ناکام رہے ہم فرائض کی غفلت کے باعث ووٹرز کو نکال نہیں سکے۔ خط میں مزید لکھا گیا ہے کہ بلدیہ ٹاون میں حکمت عملی کا فقدان تھا اور غلط فیصلوں کی وجہ سے عبرت ناک شکست ہوئی، اس میں جس کی کوتاہی ہو اس کے خلاف کارروائی کی جائے، ہماری جماعت کا مقامی ڈھانچہ مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔