رویت ہلال کمیٹی کا فیصلہ درست نہیں تھا اس لیے 30 روزے پورے کیے گئے۔فائل فوٹو
رویت ہلال کمیٹی کا فیصلہ درست نہیں تھا اس لیے 30 روزے پورے کیے گئے۔فائل فوٹو

ملک کے مختلف علاقوں میں دوسرے روز بھی نمازِ عید کے اجتماعات

کراچی اور گوجرانوالہ سمیت ملک کے کئی علاقوں میں آج دوسرے روز بھی نمازِعید کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بی ایریا، کراچی کی جامعہ مسجد عمر فاروق میں آج صبح عیدالفطرکی نمازادا کی گئی جس کی امامت مولانا عبدالعزیز حنفی نے کی۔ نماز عید کی ادائیگی کا پیغام سوشل میڈیا کے ذریعے پہنچایا گیا۔

مذکورہ مسجد انتظامیہ کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی کا فیصلہ درست نہیں تھا اس لیے 30 روزے پورے کیے گئے۔ ایک نمازی کا کہنا تھا کہ مسجد انتظامیہ کے ایک گروپ نے مسجد کے دروزے بند کردیے تھے۔

دوسری جانب گوجرانوالہ میں بھی 21 سے زائد مقامات پر آج عیدالفطر کی نماز ادا کی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گوجرانوالہ کے محلہ اسلام آباد روڈھے والی مسجد، کلرآبادی، کھیالی، سنی رضوی مسجد میں بھی آج عید کی نماز ادا کی گئی۔

علامہ داؤد رضوی نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان ماننے سے انکارکردیا تھا جبکہ مذکورہ مساجد کے علاوہ شہرکی درجنوں مساجد میں بھی معتکفین نے یہ اعلان نہ مانتے ہوئے 30 روزے پورے کیے اور کل مغرب کے وقت اعتکاف مکمل کرکے مساجد سے باہر نکلے۔

واضح رہے کہ بدھ 12 مئی 2021 کی رات ساڑھے گیارہ بجے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کی جانب سے عیدالفطر کے چاند کے اچانک اعلان سے عوام میں بے چینی کی لہر دوڑگئی۔

بعض وفاقی وزرا بھی اس اعلان پراختلافِ رائے کا اظہارکیے بغیر نہ رہ سکے جن میں فواد چودھری اوراسد عمر بطورِ خاص قابلِ ذکر ہیں۔