وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم فسلطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتےہیں۔
شاہ محمودقریشی نے کہا کہ حکومت مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر پر اپنے مؤقف میں کبھی آنچ نہیں آنے دی گی، اسرائیلی جارحیت کیخلاف سلامتی کونسل کے تمام ارکان کو قائل کرچکے تھے لیکن امریکا نے اپنے ویٹو کا حق استعمال کرکے مشترکہ بیان کی راہ میں رکاوٹ ڈالی۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر گفتگو ہوئی، مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی کنجی فلسطین ہے، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اجلاس میں بھی دو ریاستی حل پر بات ہوئی، فلسطینیوں کی بزور طاقت بے دخلی قابل قبول نہیں ۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایوان کو بتایا کہ کل رات میں نے وزرائے خارجہ بالخصوص ترک وزیر خارجہ سے رابطہ کیا ، پاکستان کا مؤقف واضح تھا، ہم نے اپنی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا، آبادی کے تناسب میں کی جانےوالی تبدیلیاں قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نےاپنامؤقف دوٹوک الفاظ میں پیش کردیاہے، فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کی تعریف کی گئی ہے، فلسطین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے مؤقف پر کہا پاکستان پر اللہ کی رحمت ہو۔
فلسطین کی قیادت کاخط وزیرخارجہ نے قومی اسمبلی میں بھی پیش کیا۔