کراچی میں کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر درجنوں دکانیں سیل کردی گئیں۔
ضلع جنوبی میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کی گئیں اور صدر میں واقع ہوٹل کا ایک ہال سیل کردیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہوٹل میں شادی کی تقریب جاری تھی۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھاکہ ڈی ایچ اے میں ایک ریسٹورنٹ، جم، گارمنٹس اسٹور اور ملک شاپ سیل کی گئی۔
ملیر میں بھی کورونا ایس اوپی کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی۔ اعلامیے کے مطابق قائدآباد، مراد میمن اور ابراہیم حیدری میں 50 سے زائد دکانیں سیل کردی گئیں ہیں۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کئی دکانداروں کو تنبیہ بھی کی گئی۔
خیال رہے کہ کورونا کیسز میں اضافے کے بعد کراچی میں پابندیاں سخت کردی گئی ہیں اور اب کاروباری و تجارتی مراکز شام 6 بجے تک کھولنے کی اجازت ہے۔