خیبر پختونخوا کے ضلع چترال میں بہنے والے دریائے یار خون میں گاڑی گر گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 10 افراد لاپتہ ہوگئے،جن میں سے دو بچا لیا گیا۔
چترال سے روانہ ہونے والی لینڈ کروزر گاڑی یارخون ژوڑی لشٹ کے مقام پر اوناوچ پل کراس کرتے ہوۓ بے قابو ہوکر دریائے یارخون میں جا گری۔ مقامی پولیس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 8 افراد جن میں دو خواتین بھی شامل تھیں، دریا میں ڈوب کرلاپتہ ہیں جبکہ دو افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے جن کی شناخت حاجی علی ولد حاجی خان سکنہ لون اور محمد ارشاد ولد اللہ داد سکنہ پاک پتن سے ہوئی ہے۔
گاڑی میں مجموعی طور پر 10 افراد سوار تھے، مقامی پولیس اورعلاقے کے لوگ جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور دریا کے کنارے تلاش جاری ہے۔
لاپتہ افراد میں اسرار احمد ساکن یخدن، زوجہ شہزاد ساکن یخدن، اعجاز ولی ساکن یوشکست، دیدار الدین ساکن کند، زوجہ دیدارالدین، سلطان ساکن مومن آباد شوست، افتاج ساکن شوست، امید نبی ساکن لشٹ یارخون اور مغل ڈرائیورساکن دورزو یارخون شامل ہیں کی تلاش جاری ہے۔