راولپنڈی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والے موسلادھار بارش سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا۔
متعدد مقامات پر شدید ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گی، موسلادھار بارش اور ہواؤں سے گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا اور گرمی کے ستائے عوام نے سکھ کا سانس لیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر شہروں کیطرح راولپنڈی میں بادل جم کر برسے، ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی گرج چمک کے ساتھ بارش سے درجہ حرات میں واضح کمی ہوئی اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بارش سے پہلے راولپنڈی میں درجہ حرارت 35 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا جو بارش کے بعد 29 تک گر گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھاکہ بارش سے موسم پر بہتر اثر پڑے گا جبکہ پانی کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا اگلے چوبیس گھنٹوں میں مزید بارشوں کی توقع ہے۔
واسا نے شدید بارش کے پیش نظر فلڈ کنٹرول روم فعال کردیا ہے تاکہ نالہ لئی اور دیگر برساتی نالوں میں پانی کی بلند ہوتی سطح پر نظر رکھی جاسکے۔
دوسری جانب لاہور میں شدید آندھی لیسکو کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے اور کئی علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔ ترجمان لیسکو کے مطابق آندھی کے باعث ناردرن اور شیخوپورہ سرکل سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ اندرون لاہور میں بھی تیز گرد آلود ہواؤں کے باعث بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔